شمالی وزیرستان: چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، 2جوان شہید
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) شمالی وزیرستان میں امن دشمنوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ملٹری چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں 20 سالہ سپاہی ظہور خان، 23 سالہ سپاہی رحیم گل شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کو نشانہ بنایا، علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی پر پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ مادر وطن کے دفاع کا عظیم فرض ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی ظہور اور سپاہی رحیم گل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہے اور پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔