عمران نیازی دشمن لابی کی سیاست کر رہے خراب معیشت کا جواب دینا پڑیگا احسن اقبال
لاہور (سپیشل رپورٹر+ نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پلاننگ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے۔ جلد چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔ عمران نیازی اس وقت ملک دشمن لابی کی سیاست کر رہے ہیں۔ وہ قومی ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔ ان کی یہ کوشش ناکام ہو گی۔ عمران نیازی ہمارے نوجوانوں کو ذہنی غلام بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جوہر سنٹر میں ہائر ایجوکیشن سیرت سنٹر برائے جینڈر سٹڈیز و رائٹس فار ویمن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی کومعلوم ہونا چاہیے کہ جس ملک کے پاس ایٹمی طاقت ہے وہ غلام نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوری طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے جس کا ان کو افسوس ہے۔ لانگ مارچ کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ سابق حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ملک دشمن معاہدہ کر گئی‘عوام پر جو بوجھ چار سالوں میں ڈالا گیا اس کو کم کرنے میں وقت لگے گا‘ لیکن حکومت عوام کو جلدریلیف دینے میں کامیاب ہو گی‘ملک میں اس وقت جو بے یقینی کا ماحول ہے یہ گزشتہ چار سال کا تسلسل ہے‘ عمران نیازی اور اس کے وزیروں کو گیس، بجلی اور پٹرول بحران کا جواب دینا پڑے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمشن ڈاکٹرشائستہ سہل نے کہا کہ سیرت سنٹر کے قیام سے پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی روشن زندگی کے تمام پہلوؤں کے بارے میں نہ صرف ریسرچ کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ امت مسلمہ کو اسلام فوبیا جیسے درپیش مسائل سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔ مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلر‘ اساتذہ اور طلباء بھی موجود تھے۔ عمران خان کے لانگ مارچ پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔ الیکشن پر ڈس انفارمیشن کے حوالے سے نیازی سوشل میڈیا ٹیم ملک میں کنفیوژن پھیلا رہی ہے، آئینی طریقے سے جمہوری حکومت تبدیل ہوئی ہے۔ ا لیکشن کروانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، افراط زر قابو میں لانے کیلئے وقت لگے گا، معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجائی اسے چار ہفتوں میں ٹھیک کیسے کریں۔ خراب معیشت کا جواب عمران خان اور مشیروں نے دینا ہے ، گوادر پورٹ میں سی پیک کے منصوبے وہیں پڑے رہے، نو صنعتی زون 2020ء تک تیار کرنے تھے آج بھی ایک صنعتی زون تیار نہیں ہوا۔ نئے پاکستان کی فلم ختم ہوئی تو اب آزادی پاکستان کی فلم شروع ہوگئی ہے۔ جب بھی آئی ایم ایف سے حتمی معاہدہ ہو گا تو عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔
احسن اقبال