پاکستان اور معشیت بچانے کیلئے ریڈ لائن لگانے کا وقت آگیا: ،مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں قانون کے رکھوالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا صرف لاقانونیت اور غنڈہ گردی ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے عمران خان کی 2014ء کی تشدد اور انتشار کی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے کہا کہ خونی مارچ کے مناظر یہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سیاست میں تشدد کی مذمت کرنا ہوگی۔ قوم نہ بھولے یہ وہ فسادی اور فتنہ جتھہ ہے جو ملک میں ایک مرتبہ پھر انتشار پھیلانے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 اگست 2014ء کو کہا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف پرامن رہے گا اور پھر انہوں نے 126دن پاکستان میں سول نافرمانی کی۔ لوگوں کو انتشار پر اکسانے، بجلی کے بل جلانے، ہنڈی سے پیسے بھجوانے اور مار دو، گرا دو، جلا دو کا فساد عوام نے دیکھا، قوم کو سیاست میں فساد اور انتشار کی مذمت کرنی چاہئے۔ مزید براں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عمران خان اپنی نااہلی اور کرپشن کے خلاف ایک مرتبہ پھر دھرنا دے رہے ہیں، فسادی ٹولے نے لاہور میں کانسٹیبل کی شہادت پر مذمت تک نہیں کی، آج پاکستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں کس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، پی ٹی آئی لانگ مارچ کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے، خونی مارچ کا اعلان کرنے والوں کو کس طرح اسلام آباد آنے کی اجازت دے سکتے ہیں، حکومت فتنے اور فساد کو روکنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے، امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے، الیکشن کی تاریخ حکومت اور اتحادی دیں گے، شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فسادی اور فتنہ ٹولہ ڈرامہ بازی پر اتر آیا ہے، اقتدار میں رہ کر انہوں نے چار سال جھوٹ بولے اور اب کنٹینر پر چڑھ کر پھر جھوٹ بول رہا ہے، یہ فسادی ٹولہ خونی مارچ کا اعلان ڈنکے کی چوٹ پر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہریوں، تاجر کمیونٹی اور طلبہ کی حفاظت حکومت کا فرض ہے، حکومت اپنے فرض کو ہر طرح سے نبھائے گی، امن و امان میں کسی قسم کا خلل نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ فسادی اور فتنہ ٹولہ کے شر سے حکومت پاکستان انہیں محفوظ رکھے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک شخص فتنہ، فساد، انتشار اور افراتفری پھیلانے کے اعلانات کر رہا ہے، پی ٹی آئی کے عہدیدار سجاد بخاری کے گھر سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ہوئی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، شہید پولیس اہلکار کے پانچ چھوٹے بچے ہیں، پی ٹی آئی نے اس واقعہ پر مذمت تک نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جب ذہنیت فسادی اور فتنہ والی ہو اور ملک کے اندر انتشار پھیلانا مقصد ہو تو یہ کس بات کی مذمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو سلیوٹ کرتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور معیشت بچانے کیلئے ریڈ لائن لگانے کا وقت آ گیا۔