گھی‘ کوکنگ آئل درجہ اول کے نرخوں میں 10 سے 36 روپے کلو اضافہ
(کامرس رپورٹر) گھی مینوفیکچررز نے درجہ اول اور درجہ دوم گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10روپے سے 36 روپے کلو تک اضافہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مختلف برانڈز کا درجہ اول گھی 10 روپے سے لیکر 36 روپے کلو مہنگا کردیا گیا ہے۔ درجہ اول 510 روپے کلو میں ملنے والا برانڈڈ گھی 36 روپے مہنگا کرکے 546 روپے کلو کردیا گیا۔ اسی طرح 495 روپے والا درجہ اول گھی 10 روپے کلو مہنگا کرکے 505 روپے کلو کردیا گیا ہے۔ اسی طرح درجہ دوم گھی و کوکنگ آئل 10 روپے تک مہنگا ہوا۔ درجہ دوم گھی و خوردنی تیل 485 روپے سے مہنگا کرکے495 روپے کر دیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے گھی، تیل غریب کی پہنچ سے باہر ہوگیا ہے۔ اتنی تیزی سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ واضح رہے کہ کمپنیوں کی جانب سے گھی درجہ اول پانچ کلو ڈسپنسر ہیک بھی 180روپے مہنگا ہو گیا اور اس کا ریٹ 2550 روپے سے بڑھا کر 2730 روپے کا کردیا گیا جبکہ کریانہ دکانداروں کا موقف ہے کہ کمپنیوں اور برانڈز کی جانب سے نئی سپلائی نئی اضافی قیمتوں پر مارکیٹ میں کی جا رہی ہیں بغیر پیشگی اطلاع قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے آرڈرز کمپنیاں نئی قیمتوں پر دے رہی ہیں۔