بلوچستان اسمبلی اجلاس آج طلب‘ وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہو گی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ اجلاس قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی نے طلب کیا ہے۔ 14 ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد ایوان میں پیش کی جائے گی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کی ریکوزیشن قائم مقام گورنر کو بھجوائی تھی۔ عدم اعتماد پیش کئے جانے کے بعد 3 سے 7 روز بحث اور ووٹنگ کے لئے دئیے جائیں گے۔ جے یو آئی کے صوبائی امیر وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے کہا وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ جلد خوش اسلوبی سے طے کر لیا جائے گا۔