• news

ن لیگ‘ گلو بٹ جتنا زور لگا لیں مارچ اب رکنے والا نہیں: پرویز الٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آزادی لانگ مارچ جمہوریت، معیشت اور ملک مضبوط کرنے کیلئے ہے، عمران خان کا بیانیہ ہے کہ ملک کو باہر سے چلایا جا رہے ہیں ہم عمران کے ساتھ تھے اور انشاء اللہ رہیں گے، آرمی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ہر آفت، زلزلہ و مصیبت اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں پیش پیش رہتی ہے، تنقید کے باوجود وہ اپنا کام کر رہے ہیں ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نواز شریف، شہباز شریف نے ہر برے کام کی ابتدا کی، اپنی تقریروں میں علامہ اقبال کے شعر پڑھنے والوں نے جسٹس ناصرہ اقبال کے گھر بھی دھاوا بول دیا، بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس میرا فرض ہے کہ میں ارکان پنجاب اسمبلی کے بنیادی حقوق کی حفاظت کروں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بہترین سیاستدان ہیں، ہمارے ان سے گھریلو تعلقات ہیں۔ جن ایم پی ایز کے گھروں پر پولیس چھاپے مار رہی ہے وہ ان کی ویڈیو بنا لیں، ان ویڈیوز کو اسمبلی کے اندر اور عدالتوں میں بنیادی حقوق کی پامالی کو سبوتاڑ کرنے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن قتل عام میں ملوث کردار ایک بار پھر متحرک ہو چکے ہیں، ان لوگوں کے ہاتھ پہلے ہی خون سے رنگے ہوئے ہیں یہ پھر خون کی ہولی کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان، ن لیگ اور گلو بٹ جتنا مرضی زور لگا لیں آزادی مارچ اب رکنے والا نہیں، جعلی حکمرانوں کی طرف سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پر امن احتجاج کو ظالمانہ طریقے سے روکنا شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی نااہلی ثابت کرتا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور پنجاب کی انتظامیہ گرفتاریوں سے کارکنوں کو ہراساں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ہی وفاقی سطح پر موجودہ بحران تحلیل کرنے کا وا حد راستہ ہیں اور یہی عمران خان کا بنیادی مطالبہ ہے۔ پولیس رات کو پرامن شہریوں کے گھروں میں سیڑھیاں لگا کر داخل ہو رہی ہے، گھروں کی دیواریں پھلانگ رہی ہے، گھروں کے دروازے توڑ رہی ہے، پولیس گلبرگ میں علامہ اقبال کی بہو جسٹس ناصرہ جاوید ا قبال کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئی اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا، قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے کہا آزادی لانگ مارچ روکنے کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور پولیس دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن