رولز میں تر میم کا فیصلہ ، قیدیوں کیلئے ہر ممکن آسا نیاں پیا کروں گا : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب پریزنرز رولز میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کروں گا، قیدی جس طرح زندگی گزارتے ہیں اس کا خود قید کے دوران مشاہدہ کر چکا ہوں۔ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو بھی ان کا جائز حق دیں گے۔ پریزنرز رولز کو آسان بنائیں تاکہ قیدیوں کو بنیادی سہولتیں مل سکیں۔ فرسودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ ہم نے جیل نظام میں ایسی اصلاحات لانی ہیں جس سے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔ آپ سب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ رولز قیدیوں کیلئے ہیں، قیدی رولز کیلئے نہیں۔ ایسے فیصلے کریں جس سے قیدیوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں۔ جیلوں میں قیدیوں کے لئے کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بیرکس میں ائرکولرز لگانے کے کام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ جیلوں میں بوسیدہ بلڈنگز کی تعمیر و مرمت کا جامع پلان تیار کیا جائے۔ قیدیوں کے کھانے کے لئے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے کے ذریعے کھانے کی کوالٹی کو باقاعدہ چیک کیا جائے۔ وزیراعلی نے کوٹ لکھپت جیل کے ساتھ ڈرین کو کور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں فیملی رومز کے استعمال کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔7 روز کے اندر جیل ریفارمز کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کی جائیں۔ بہت میٹنگز ہو چکیں، اب فیصلے کر کے قیدیوں کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے رحیم یار خان کے علاقے میں گینگ کی فائرنگ سے 10اکتوبر 2021 کو قتل ہونے والے 9 افراد کے لواحقین نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ذوالفقار علی اور سلمان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کو انصاف دلانا میرا فرض ہے۔ پنجاب میں ہر طرح کے گینگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداروں کے خلاف زہراگلا، یہ خونی مارچ کی دھمکیوں سے کس کو ڈرا رہے ہیں۔ گرفتاریاں کرنے سے متعلق فیصلہ مشکل تھا، صوبے کے عوام سے معافی مانگتا ہوں، آپ کو مشکلات آئیں گی، نیازی ٹولہ سب کوکھلی دھمکیاں دے رہا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں نے یاسین ملک کوسزا سنانی ہے، یاسین ملک کی اہلیہ نے بھی ان سے اپیل کی کہ لانگ مارچ 26 کوکر لیں۔ لوگوں کو دھمکیاں دینا کون سی سیاست ہے، یہ خونی مارچ کی دھمکیوں سے کس کو ڈرا رہے ہیں۔ 2 ماہ ہوگئے، پتا نہیں گورنر کب آئے گا۔ آج آئی ایم ایف سے مذاکرات ہو رہے ہیں، نیازی ٹولے نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے پورے پاکستان میں نفرت کی آگ پھیلادی ہے۔ ریاست مدینہ کے جھوٹے دعویدار کو شرم آنی چاہئے۔