اقوام متحدہ ، انسانی حقوق تنطیمیں یا سین ملک سے بھارتی نا انصافی کوائیں : بلاول
اسلام آباد‘ ڈیووس (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ادارے کونسل آن فارن ریلیشن کے رکن اور جگسؤ ایل ایل سی کے سی ای او جیرڈ اینڈریو کوہن سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جیرڈ اینڈریو کوہن کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جگسؤ ایل ایل سی کے سی ای او جیرڈ اینڈریو کوہن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جگسؤ ایل ایل سی کے سی ای او جیرڈ اینڈریو کوہن کے درمیان ورلڈ اکنامک فورم کے دوران سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ جگسؤ ایل ایل سی کے سی ای او جیرڈ اینڈریو کوہن سے ملاقات میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع پر بات ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اگر ہم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی حقیقی استعداد کو استعمال کیا تو یہ نوجوانوں اور معیشت کے لئے مفید ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی عدالت کے یاسین ملک کے خلاف بے بنیاد الزامات پر متوقع غلط فیصلے کی سختی سے مذمت کی۔ وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پیغامات میں کہا کہ یاسین ملک بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے حریت رہنماؤں میں ایک نمایاں اور عزت مندانہ آواز ہیں۔ یاسین ملک کا دہائیوں سے جاری ہندوستانی جبر کے خلاف پختہ عزم نام نہاد انصاف پر مبنی فیصلوں سے شکستہ نہیں کیا جاسکتا، ہم یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یاسین ملک کے خلاف جو بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں، انہیں ختم کیا جائے، یاسین ملک کو فی الفور رہا کیا جائے اور انہیں اجازت دی جائے کہ وہ اپنے خاندان سے مل سکیں، بھارت کو چاہئے کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھارت کو یاسین ملک کے ساتھ ہونے والی اس سنگین ناانصافی کو روکنے کی تلقین کریں۔ بھارت کو زیرتسلط کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین انسانی نتائج ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا اولاوا ہاویستو سے ملاقات کی۔ دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فن لینڈ کے ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے فن لینڈ کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارت خانہ دوبارہ جلد کھول دیا جائے گا۔