آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کو پیش نہ ہونے پر ایک لاکھ جرما نہ
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر ) سپریم کورٹ نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت سے متعلق کیس میں آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کو پیش نہ ہونے پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر معاون وکیل نے عدالت کے رو برو پیش ہوکر موقف اپنایا کہ آغا سراج وکیل تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے معاون وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آغا سراج درانی کے وکیل کے دلائل تقریبا مکمل ہو گئے تھے۔چیف جسٹس نے کہا سلمان اکرم راجہ دلائل کے اختتام کی جانب بڑھ رہے تھے اور وہ اچھے دلائل دے رہے تھے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سلمان اکرم راجہ خود پیش نہیں ہوئے ؟،سلمان اکرم راجہ کی التوا کی بھی کوئی درخواست نہیں آئی، آغا سراج درانی نے بے تحاشہ زرعی اراضی کے باوجود 1990 تک ایک گھر بنایا، 2008 کے بعد آغا سراج درانی نے بے تحاشا پراپرٹیز کیسے بنائیں۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہاسلمان اکرم راجہ اس کیس میں تین چار سماعتوں سے پیش نہیں ہوئے، مقدمہ کے اختتامی مراحل پر وکیل بدلنا کیسے ممکن ہے۔ عدالت عظمی نے آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کو پیش نہ ہونے پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کرتے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔
جرمانہ