پشاور ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس انسپکٹر شہید
پشاور (بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت پشاور کی پولیس ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر، تھانہ انقلاب کی حدود میں پولیس انسپکٹر کو بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔ چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور اعجاز خان کے مطابق بدھ کی صبح فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) کے ریزرو انسپکٹر (آر آئی) انسپکٹر سحر گل اپنے بچوں کو گاڑی میں سکول چھوڑنے جارہے تھے کہ راستے میں موسیٰ زئی تازی خیل کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی شہید جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ سی سی پی او کے مطابق دہشت گردی کے واقعے میں شہید انسپکٹر کے بچے محفوظ رہے۔ ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ ہیومن انٹیلی جنس کو فعال کردیا گیا ہے۔ جلد ملوث عناصر قانون کی گرفت میں ہوں گے۔