سنگین صور تحال میں فوج اور عدلیہ مل بیٹھ کر مسا ئل کا حل نکالیں : شجاعت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کے اندر جو موجودہ حالات ہیں اس طرح کے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومتی طاقتیں اور سیاسی جماعتیں جس طرف جا رہی ہیں اس سے ملک میں افراتفری اور لاقانونیت بڑھے گی، ایسی سنگین صورتحال میں پاکستان کے دو بڑے سلامتی کے ضامن ادارے عدلیہ اور فوج جن کا تذکرہ تمام سٹیک ہولڈرز مثبت یا منفی، چھپا یا ڈھکا، کم یا زیادہ، گاہے بگاہے درپردہ کرتے رہتے ہیں، ان اداروں کو مل بیٹھ کر ان مسائل کا مستقل حل نکالنا چاہئے تاکہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ کیا جائے۔ آمدورفت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہے، ایمبولینس تک کو راستہ میسر نہیں لوگ جنازوں کو لے کر پیدل جانے پر مجبور ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کی صورتحال کو غور سے دیکھا جا رہا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی تاریخ دوبارہ نہ دہرائی جائے، پولیس کو چاہئے کہ وہ شیلنگ بند کرے، شیلنگ کی وجہ سے گلیوں، محلوں میں رہنے والے بھی اذیت کا شکار ہیں، پولیس عام آدمی کو تحفظ فراہم کرے ۔چودھری شجاعت حسین نے گجرات کے اپنے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ گجرات سے جو بھی قافلے گزریں یا جائیں ان کیلئے پانی اور کھانے کا انتظام کیا جائے۔