حکومت‘ تحریک انصاف میں مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے سے پہلے ہی ختم
اسلام آباد (وقائع نگار) حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے سے پہلے ہی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ دونوں جماعتوں کی مذاکراتی ٹیم نے ایک دوسرے الزامات عائد کرتے ہوئے مذاکرات ختم کردیئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ڈی سی آفس میں منعقد ہونے والے مجوزہ مذاکرات نہ ہو سکے، پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے دعوی کیا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لئے پہنچی ہی نہیں۔ پی ٹی آئی کے بابر اعوان اور فیصل چوہدری بغیر مذاکرات کے ڈی سی آفس سے روانہ ہو گئے۔ بابر اعوان نے اس موقع پر کہا کہ کل سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائیں گے، نہ انتظامیہ کے افسران موجود ہیں نہ حکومتی کمیٹی اس جگہ موجود ہے۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق جے یو آئی کے رہنما اسعد محمود سمیت دیگر نے چیف کمشنر آفس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی قیادت کا مذاکرات کیلئے انتظار کرتے رہے ہیں تاہم وہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں تھے۔