کہاں گئے 20لاکھ افراد ، عوام نے عمران کو زنا ٹے دار تھپڑ مارا: مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے لانگ مارچ میں 20 لاکھ افراد کی شرکت سے متعلق سوال اٹھا دیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے سوال کیا کہ کدھر گئے 20 لاکھ افراد؟۔ پنجاب بھر سے کل ملا کر 500 افراد نہیں نکلے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے خیبر پی کے نے بھی عمران خان کی کال پر کان نہیں دھرے، اچھی بات ہے کہ عوام نے فتنے کو ناصرف پہچان لیا بلکہ اس کا راستہ روک دیا۔ مریم نواز نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر میں سفر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تپتی دھوپ میں سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں اور عمران خان ہیلی کاپٹر پر سوار ہیں جو کہ بری بات ہے۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ حریت رہنما یٰسین ملک کو بھارت میں بربریت سے سزا سنانے پر مؤثر آواز ناکام مارچ کی نذر ہوئی لیکن پاکستان سے بھرپور آواز اٹھے گی اور دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔ حریت رہنما یٰسین ملک کو بھارت میں جو سزا سنائی گئی ہے، اس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ آزادی اور ظلم سے لڑنے کے جذبے کو نہ تو عمر قید ہوسکتی ہے اور نہ اس کو پھانسی چڑھایا جا سکتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان سے یٰسین ملک کے لیے بھرپور آواز اٹھے گی اور ہم اس آواز کو دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان سے جو مؤثر آواز جانی چاہیے تھی وہ ناکام مارچ کی نذر ہوگئی۔ پاکستان کے لوگوں نے آج عمران خان کو جو زناٹے دار تھپڑ مارا ہے اس کی گونج ہر جگہ سنائی گئی ہے۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے آج ایک فتنے کو ناکام بنایا، ان کے آگے بند باندھا اور اس کے لیے قربانیاں دیں۔ پاکستانی عوام باخبر ہوگئے ہیں اور پاکستان کے طول و عرض میں ایک آواز آرہی ہے کہ لانگ مارچ ہوگا، حکومت کو الٹا دیا جائے گا اور اگلے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم، پاکستانی ماؤں، پاکستان کے بیٹوں اور بزرگوں نے عمران خان کو تھپڑ رسید کیا ہے، اس کی گونج آنے والے وقتوں میں اور بھی سنائی دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل بھی کہا تھا عمران خان ایک زندہ لاش ہیں، وزیراعظم، حکومت سے درخواست کی تھی اسے نہ پکڑا جائے ایکسپوز ہو گا، جلسوں میں ایسے کہہ رہے تھے اگلا الیکشن جیت لیا جائے گا۔ آج اپنی قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، قوم نے بروقت عمران خان فتنے کو روکا، قوم سمجھتی ہے یہ کرسی کی خاطر ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں۔