• news

گا لی گلوچ کی سیاست دفن ، دھرنوں کا دھڑن تختہ کیا جائے : شہباز شریف


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس  مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی وقت نہیں تھا، اور اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا۔  کروٹ ہائیڈور پاور پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ کا دورہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے، 2015 میں چینی صدر اور نواز شریف نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، لیکن سابق حکومت نے اس پروجیکٹ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، گزشتہ حکومت میں ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے، ان کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی وقت نہیں تھا، لیکن سابق وزیراعظم کو اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا، عمران نیازی نے 45 ارب کے تاریخی قرضے لئے ایک اینٹ نہیں لگائی، اور پٹرول مہنگا نہ کرکے ہمارے لئے بارودی سرنگ بچھائی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی ورکرز نے یقین دلایا ہے کہ یہ منصوبہ جلد آپریشنل ہوگا، کروٹ پاورپلانٹ سے عوام کو420 میگاواٹ سستی بجلی فراہم ہوگی،  منصوبے سے 720 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جائیگی، پن بجلی تھرمل بجلی کے مقابلے میں سستی ہوتی ہے، کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ سے سستی بجلی ملے گی، 4ارب کی بچت سے آج مجھے گہری نیند آئے گی، پاور پروجیکٹ لگانے پر چینی صدر اور نواز شریف کا شکرگزار ہوں۔ دھرنوں کی وجہ سے پہلے بھی پاکستان اور پاکستانی معشیت کو نقصان پہنچایا گیا، نیازی کے 2014 کے دھرنے نے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا، دھرنوں سے آپ دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں، فضول دھرنوں سے قوم کو تقسیم نہیں کرنا چاہئے، فضول دھرنوں سے قوم کا وقت، معیشت کو بے پناہ نقصان ہوا، حکومت آئینی طریقے سے معرض وجود میں آئی ہے، دھرنوں کا دھڑن تختہ کریں، اور گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ورکرز اور چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر دھرنے کی تیاری کی جارہی ہے، ساڑھے تین سال میں جو تباہ شدہ معیشت ہمیں ملی ہے ہم اسے توانا کرنے کے لیے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا، اس معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے، دشنام طرازی کرنے کے لیے بہت وقت تھا۔ سابق وزیر اعظم کے پاس مہنگائی، غربت، بیروزگاری پر قابو پانے اور اس عظیم منصوبے کا دورہ کرنے کا وقت نہیں تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زوم کے ذریعے تقریب میں موجود 'تھری گورجیز' کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں کیونکہ اس سے پاکستان کے خزانے کو 4 ارب روپے کی بچت ہوگی اور آج ہم ایک ایک ڈالر کو بچانے کے لیے ترس رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہے پاک۔ چین دوستی جو ہمالیہ سے اونچی، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ دھرنے دے کر قوم کو تقسیم کرکے وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معزز چیئرمین لی منگ شان اور چین سے آئے آپ کے ساتھی، کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے چیف ایگزیکٹو وینگمن شینگ اور دیگر چینی انجینئرز، سیاستدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور خطہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط اور گہرے ہوں گے، رواں سال پاکستان برطانیہ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے۔ وزیر اعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے، چار کروڑ افغانیوں کا خیال رکھنا ترجیح ہونی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن