سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھائی جا ئے: بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ کو متاثر نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے،ٹی ٹونٹی کرکٹ مقبول بھی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں لیکن جہاں میں یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ لیگ کرکٹ سے متاثر نہیں ہوئی وہاں میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، دو تین ٹیسٹ میچز کی بجائے سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد4یا 5ہونی چاہیے ، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقراررہے گی۔ ویمن کرکٹ کے بھی زیادہ ہونے کے حامی ہیں اور اس حوالے سے کہا کہ ویمن کرکٹ کو سب کی سپورٹ چاہیے، اس وقت لیگ کرکٹ ہونا شروع ہو گئی ہے، ان کے ورلڈکپ بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ویمن کرکٹ کو سیریز کم ملتی ہیں۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، انہیں کم مواقع ملتے ہیں ان کی باہمی سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، جتنی زیادہ بین الاقوامی سطح پر ویمن کرکٹ ہوگی اتنا ویمن کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ویمن کرکٹرز میں جذبہ بڑھے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دیں گے۔