منتخب نمائندوں پر پولیس تشدد، بطور ہائوس کسٹوڈین خاموش نہیں رہ سکتا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ایم پی اے میاں اسلم اقبال، ان کے بھائی اور متعدد ارکان پنجاب اسمبلی کی گرفتاریوں اور تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں پر پولیس کا تشدد انتہائی تشویشناک ہے۔ جن ارکان پنجاب اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ان کا معاملہ ایوان میں زیر بحث لایا جائے گا، میں بطور ہائوس کسٹوڈین ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں رہ سکتا۔ پولیس کے ذریعے ارکان اسمبلی کو بلاجواز گرفتار اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان پر بہیمانہ تشدد پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے حکم پر منتخب نمائندوں اور پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیا۔ جعلی اور غیرآئینی حکمرانوں کے کہنے پر پولیس نے ظلم اور سفاکیت کا مظاہرہ کیا۔ بیوروکریسی جان لے قانون سے تجاوز کل ان کو جوابدہ بنائے گا۔