الیکشن ہوئے تو عمران ہار جائیں گے پھر دھرنے کا اعلان ہو گا گیلانی
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریرکے دوران اپنی نیند پوری کرتے رہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خواب خرگوش کے مزے لیتے رہے۔ اس کے ساتھ ہی جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈرغوث بخش مہر نے کہا کہ ایوان میں کورم پورا نہیں ہے جس پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے گنتی کا حکم دیا۔ گنتی کرنے پر ارکان کی تعداد پوری نکلی۔ خواجہ آصف نے اپنی تقریرکے دوران گزشتہ حکومت کی کشمیر پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا، بولے! سابق حکومت نے کہا تھا کہ ہم ہر جمعہ کو ایک ٹانگ پر کھڑے ہوں گے۔ اس طرح کے اقدامات سے کشمیر کاز کا مذاق اڑایا گیا، دن گننے کی ایک سکرین لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا، مشترکہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے شرکت نہ کی۔ جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود نے کہا ”وہ جاتے جاتے کہہ گئے ہیں کہ میں چھ دن بعد پھرآﺅں گا، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ 6دن بعد بھی رانا ثناءاللہ ہی وزیر داخلہ ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پیشن گوئی کر دی کہ اگر الیکشن ہو گئے تو عمران خان الیکشن ہار جائیں گے اور پھر دھرنے کا اعلان کریں گے۔ ایم کیو ایم کے فیصل سبز واری نے کہا کہ ہم غداری کے الزمات سے نہیں گھبراتے کیونکہ ”عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں“۔
پارلیمنٹ کی ڈائری