پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں: ادریس شاہ زنجانی
لاہور (نیوز رپورٹر) سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانی و حضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی المعروف شاہ صدر و دیوان سید ادریس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ حریت رہنما یاسین ملک کو انتہاپسند بھارتی عدالت سے سزا و انصاف کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ بھارتی عدالتیں مسلمانوں کیلئے قتل گاہیں بنتی جارہی ہیں۔ سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا نام نہاد دعویدار جمہوریت کا سب سے بڑا قاتل ہے۔ حریت رہنما کو سزا دے کر آزادی کشمیر کی جدوجہد دبانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ یاسین ملک کی سزا کیخلاف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مذمتی قرارداد کی منظوری احسن عمل ہے۔ پاکستان ہر حال میں کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔ بھارتی عدلیہ نے جو داغ اپنے ماتھے پر لگایا ہے وہ کبھی نہیں مٹ سکتا۔ پوری دنیا کے آزادی پسند کشمیریوںکی آزادی کے حامی ہیں۔ مظلوموں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔