• news

اوورسیز پاکستانیز کیلئے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا اعظم نذیر: خصوصی بل لائیں گے‘ اسحاق ڈار


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا نہ ہی  اس حکومت کی یہ پالیسی ہے، ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ہم تارکین وطن  کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی دینے کیلئے آئینی ترمیم لا رہے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حوالے کچھ تکنیکی مسائل موجود ہیں جن کا تعین کیا جا رہا ہے، سینٹ نے نیب قانون میں ترامیم کو منظور کر لیا۔ پی ٹی وی ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تاڑر وفاقی وزیر نے کہا کہ  جمعرات کے روز قومی اسمبلی میں مفصل طریقے سے دو قوانین پر بحث کی گئی، الیکشن ایکٹ میں ترمیم  اور  نیب بل میں  25 ترامیم کی گئیں جو اکثریت رائے سے منظور کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا ہے۔ انہوں نے کہا فوری انتخابات کرانے ہیں تو اس میں الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن نے بھی  کہا تھا کہ جب ملک میں اے ٹی ایم استعمال کرنا یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کارڈ استعمال کرنا مسئلہ ہے تو ای وی ایم اتنا آسان نہیں۔ دریں اثناء لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مخصوص نشستوں کا بل لا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق کوئی بھی نہیں چھین سکتا‘ اس حوالے سے مخصوص نشستوں کا بل لا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن