پاکستان ٹوبیکو کمپنی: ٹیکسز کی مد میں 133ارب روپے کی ادائیگیاں
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے 2021 ء کے دوران قومی خزانہ کو مختلف ٹیکسز کی مد میں مجموعی طورپر 133ارب روپے کی ادائیگیاں کی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق 2021 میں پی ٹی سی اور اس کی ویلیو چین نے مختلف ٹیکسز کی مد میں قومی خزانہ کو مجموعی طور پر 133 ارب روپے ادا کئے ، ایکسائز ، سیلز ،کارپوریشن اور کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسز وغیرہ کی صورت میں 127 ارب جبکہ ویلیو چین ملازمین کی جانب سے لیبر ٹیکس کی مد میں 0.5 ارب ، سپلائی چین سے 2.3 ارب اور ویج کنزمپشن کے تحت 3.6 ارب روپے یعنی 6 ارب روپے کے مزید ٹیکسز کی بھی ادائیگیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 2021 ء میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی میں سگریٹ کی صنعت اور اس کی ویلیو چین کا حصہ کل 123 ارب روپے رہا۔ جس میں پی ٹی سی کی ویلیو چین کا براہ راست حصہ 58.3 ارب جبکہ براہ راست حصہ 25.3 ارب اور کاروباری سرگرمیوں میں شراکتداری 39.1 ارب روپے بھی شامل ہے۔ مزید برآں پی ٹی سی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت سماجی او ر ماحولیات کے شعبوں کی بہتری اور ترقی کیلئے 2021 میں 600 ملین روپے کے اخراجات بھی کئے ہیں۔