صنعت و تجارت کو درپیش مسائل: لاہور اور چینوٹ چیمبرز مشترکہ کوششوں پر متفق
لاہور (کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چنیوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعت و تجارت کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے، یہ فیصلہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور چنیوٹ چیمبر کے صدر دانش فخری نے اس موقع پر خطاب کیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں چیمبرز مشترکہ مفاد ات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متفقہ حکمت عملی تیار کریں گے اور تجارت سے متعلق معلومات و ڈیٹا کا تبادلہ کریں گے۔ میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ برانڈنگ اور جدت کا فروغ ان کاروباری افراد کے لیے کامیابی کی کلید ہے جو بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چنیوٹ چیمبر کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور چنیوٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کے فروغ سے لاہور اور چنیوٹ کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ حارث عتیق نے کہا کہ لاہور چیمبر اوپن ڈور پالیسی پر کام کر رہا ہے،پرائیویٹ سیکٹر کی مضبوطی اتحاد میں پوشیدہ ہے ۔ دانش فخری نے کہا کہ لاہور چیمبر اور چنیوٹ چیمبر آف کامرس کے درمیان ہم آہنگی دور رس نتائج کی حامل ہوگی۔