بجلی بحران جاری لوڈشیڈنگ کا د ورانیہ 12 گھنٹے
اسلام آباد+ شیخوپورہ(آئی این پی +نمائندہ خصوصی) وافر مقدار میں بجلی موجود ہونے کے باوجود ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی دعویدار حکومت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے جبکہ وافر مقدار میں بجلی موجود ہونے کے باوجود بھی عوام کو نہیں مل پارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز وزارت توانائی کو غلط ڈیٹا دے رہے ہیں، دیہی و شہری علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 18 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 982 میگاواٹ ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی کل طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے جس میں پانی سے 5 ہزار 262 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار317 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 963 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 1 ہزار 11 میگاواٹ بجلی فراہم کررہے ہیں جبکہ سولرپلانٹس سے پیداوار صفر ہے۔ بگاس سے چلنے والے پلانٹس 149 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 280 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 36 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے لیکن ملک کے مختلف علاقوں میں بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے۔بورے والا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، مختلف علاقوں میں موسم کی شدت اور میپکو کے ستائے بے بس شہری بد دعائیں دینے لگے۔ شدید گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ بجلی کی غیر اعلا نیہ تعطلی کی وجہ سے کئی علاقوں میں شہری پانی کی بو ند بوند کو ترس جا تے ہیں۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں وفقہ وفقہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ اور نمازوں کے اوقات کے دوران بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف شہریوں نے لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میںحیران کن اضافہ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ کئی مقامات پر بجلی کے بل نذر آتش کئے گئے۔
لوڈشیڈنگ