• news

لاہور قلندرز ‘اخوت فائونڈیشن کے درمیان شراکت داری قائم


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز اور غیر سرکاری تنظیم اخوت فاونڈیشن کے درمیان شراکت داری قائم کی گئی ہے۔ شراکت داری کے نتیجے میں پاکستان کے نوجوانوں کو کھیل کیساتھ ساتھ تعلیم مکمل کرنے کا بھی موقع ملے گا ۔اخوت فاونڈیشن کی بنیاد دو ہزار ایک میں محمد امجد ثاقب نے رکھی تھی۔دونوں کے درمیان شراکت داری سے لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں دس ہونہار کرکٹر مستفید ہوسکیں گے۔ان کھلاڑیوں کا انتخاب ملک بھر میں ٹرائلز کے بعد کیا جائیگا۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپی کے سے دو دو جبکہ آزاد کشمیراور گلگت بلتستان سے ایک ایک طالب علم کو یہ سکالرشپ دی جائے گی ۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو پلیٹ فارم کیساتھ ساتھ اعتماددیا جائیگا تاکہ وہ نہ صرف سپورٹس کو کیرئیر کے طور پر اپنائیں بلکہ معاشرے میں اپنا کردار بھی ادا کریں۔ امید ہے مشترکہ کاوش کے تحت اچھے کرکٹر تلاش کرنے میں کامیاب رہیں گے۔لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے کہا کہ وہ اس شراکت داری پر بہت خوش ہیں کیونکہ اخوت فاونڈیشن ایک جاناپہچانا نام ہے جس نے لاتعداد ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی ہے۔ امید ہے اس پروگرام کے تحت ہم مل کر مزید لوگوں کی مددکرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن