یوم تکبیر جوش وجذ بے سے منا یا گیا، ہر جارحیت کے مقا بلے کو تیار : آئی ایس پی آر
لاہور+اسلام آباد (ایجنسیاں+خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 24 سال ہوگئے جس کے پیشِ نظر یوم تکبیر ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ 28 مئی 1998 پاکستانی تاریخ کا وہ اہم ترین دن ہے جب پاکستان 5 ایٹمی دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تھا۔ پاک فوج نے یوم تکبیر پر کارنامے کی انجام دہی میں شامل تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے نیوکلیئر صلاحیت کے 24سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے 28مئی1998 کو ایٹمی دھماکے کرکے کم از کم دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ اور خطے میں طاقت کا توازن مستحکم کیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یوم تکبیر پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نواز شریف نے ڈالرز کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ 24 سال قبل آج ہی کے دن ہم نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے پر نواز شریف کے جراتمندانہ فیصلے کوسلام پیش کرتا ہوں۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان توانائی، پانی اور خوراک کی حفاظت، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعت سے لے کر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔ یوم تکبیر پر قوم پاکستان کے دفاع کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے جوہری تجربات نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔