• news

فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018 ء کی بحالی کا فیصلہ‘تجاویز بجٹ کا حصہ بنیں گی : مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملکی فلمی صنعت کو ریلیف دینے کیلئے فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018 کی بحالی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم وثقافت کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کردہ تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائیگا، اس حوالہ سے جلد سفارشات تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراطلاعات نے فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے مطالبے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوںنے کہا کہ پنجابی فلم اثاثہ اس میںجان ڈالیں گے۔ شوٹنگ کیلئے اجازت ناموں کو آسان بنائیں گے۔
وفد میں ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر عرفان ملک، شیخ امجد رشید، پیر سعد، سید نور، ساتش انند اور بدر اکرام شامل تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پنجابی فلم ہماراقیمتی اثاثہ ہے جس پر اس وقت جمود طاری ہے، اس میں پھر جان ڈالیں گے۔ بچوں کیلئے تیار ہونے والے مواد پر خصوصی رعایت دیں گے تاکہ بچوں کیلئے بہترین فلمیں ، کارٹون، ڈرامے، کہانیاں اور تعلیم و تربیت سے متعلق پروگراموں کی حوصلہ افزائی ہو۔ فلم کو صنعت کا درجہ دے رہے ہیں ، صنعت کے طور پر اس شعبے کو رعایت دیں گے، فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا اس قومی پالیسی کا حصہ ہے، اس کے علاوہ اس میں سینما گھرو ں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کیلئے مراعات شامل ہیں ۔ عوام کو تفریح کی فراہمی کے لئے ٹکٹ کی قیمت کم،فلم، ڈرامہ، سٹیج اور فنون لطیفہ پاکستان کے عالمی امیج کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ عدم برداشت، انتشارہمارے معاشرے میں نہیں تھی، یہ پیدا کی گئی ،اسے ختم کرنا ہے، فلم، ڈرامہ اور فنون لطیفہ معاشرے کی ادبی، اخلاقی، تہذیبی اور علمی وروایتی زندگی ہوتے ہیں ، یہ روح زندہ کریں گے۔ معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے،اس شعبے کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، پاکستانی فلموں کی ایکسپورٹ کی حوصلہ افزائی کرینگے اور مشترکہ پروڈکشن کے امکانات کو فروغ دیں گے، فلم سازی کیلئے الات ومشینری کی درآمد میں حکومت تعاون کریگی۔ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو فلمی صنعت کی بحالی کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات یقین دہانی کرائی کہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے مطالبات، مسائل اور ان کے حل کیلئے مل کر کام کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن