بھارتی فوج کا سرچ آپریشن ، گھر پر فائرنگ سے 2 نوجوان شہید
سری نگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج کی فائرنگ میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر شہدا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اشفاق احمد غنی اور یاور ایوب ڈار کے نام سے ہوئی ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد سے بھارتی فوج کی غیر قانونی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 12 ہوگئی۔