بجلی بحران جاری ، طلبا پریشان ، لوڈ شیڈنگ 3 ماہ تک جاری رہے گی : وزارت پاور
لاہور، اسلام آباد، نارنگ منڈی، حافظ آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) اتوار والے روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ وزارت پاور کے مطابق ملک میں آئندہ تین ماہ بھی لودشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ غیر فعال پاور پلانٹس کو چلانے میں تین ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ بجلی بند رہی۔ لیسکو کی طلب 4200 میگاواٹ جبکہ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیسکو کو 700 میگاواٹ بجلی کے خسارے کا سامنا ہے۔ لیسکو کی جانب سے ہائی لاسز فیڈرز پر 6 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے زائد ہے۔ بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی روزمرہ معمولات میں تعطل ہے، کاروباری افراد بھی اس سے متاثر ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے جانے کاکوئی شیڈول نہیں، بعض علاقوں میں تو بجلی 14 گھنٹے تک غائب رہنے کی شکایات ہیں۔ شدید گرمی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی اذیت میں اضافہ کر دیا ہے۔ خواتین نے کہا کہ بجلی کے تعطل کے سبب گھریلو کام کاج بروقت نمٹانا ممکن نہیں رہا۔ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، شارٹ فال 6ہزار 800میگاواٹ ہوگیا ہے۔ ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ شہروں میں 6سے 10گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاور پلانٹس کو گیس اور تیل کی کمی کا سامنا ہے۔ نارنگ شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ خواتین بوڑھے بیمار افراد اور طلباء بلبلا اٹھے، رات بھر حکومت کو کوستے گزر جاتی ہے کوئی پرسان حال نہیں، موجودہ حکومت بھی طفل تسلیوں سے کام چلا رہی ہے۔ وزیراعظم نوٹس لیں۔ شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا رات بھر مچھروں سے لڑائی کرتے، حکومت کو کوستے گزر جاتی ہے۔ طلباء کے امتحانات جاری ہیںجن کوتیاری کرنے میں اور کمرہ امتحانات میں ناقص انتظامات ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حافظ آباد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی۔ گرمی کی شدت کے ساتھ ہی بجلی کی بندش کے دوران 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا۔