عمران کے انتشار مارچ کا دھڑن تختہ ، عوام4 سال مہنگائی کی چکی میں پستے رہے ، حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے گزشتہ روز وفاقی وزیر ایاز صادق اور ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کے پونے چار سال کے دوران عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے۔ ہماری حکومت نے آٹے کی قیمت میں کمی کر کے صوبے کے عوام کی مشکلات کم کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے کی بجائے 490 روپے میں مل رہا ہے۔ عام آدمی کو 10 کلو آٹا تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔ چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے عمران نیازی کے انتشار مارچ کا دھڑن تختہ کردیا۔ آڈیو لیک میں عمران نیازی اپنے لئے این آر او کی بھیک مانگتا رہا۔ آڈیولیک نے سازش کا پردہ چاک کردیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ آپ نے آٹا سستا کر کے مہنگائی میں پسے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے۔ آٹا سستا کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود اور دیگر نو منتخب عہدیداروں کو مبارک پیش کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ حمزہ شہباز نے رات گئے سرکاری افسران کو سرکٹ ہاؤس بہاولپور طلب کیا، جس میں کمشنر بہاولپور، ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ جنگلات کے افسران نے وزیر اعلی حمزہ شہباز شریف کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چولستان میں پانی کے مسئلے کے مستقل بنیادوں پر حل اور امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ چولستان میں پانی کے مسئلہ کے مستقل حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دیا گیا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایت پر چولستان میں سولر واٹر پمپس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز نے ڈی جی وائلڈ لائف کو 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی نے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے روزگار کا بڑا حصہ وائلڈ لائف و ٹورازم پر منحصر ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مدعو کریں۔ دریں اثناء ڈی پی او نے وزیراعلی حمزہ شہباز شریف کو بہاولپور میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے استفسار کیا آپ کے شہر میں کتنے کیمرہ لگے ہیں اور کتنے فنکشنل ہیں؟۔