• news

شہباز ، رانا ثناء کو جیلوں میں ڈالیں گے ، اب اسلام آباد آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا : عمران 

چارسدہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان چوروں اور غلاموں کو کبھی قبول نہیں کریںگے۔ چوروں کی امپورٹڈ حکومت ہمارے اوپر مسلط کی گئی۔ ہم کسی صورت امریکی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔ کلمہ طیبہ کا مطلب کسی کے سامنے نہ جھکنا ہے۔ جب تک زندہ ہوں ان چوروں کیخلاف جدوجہد جاری رکھوں گا۔ اب ہم ایک ایک چیز کی تیاری کریں گے۔ پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ جب کوئی قوم آزادی کی جنگ لڑتی ہے تو وہ جہاد ہے۔ قوم کو تیار کر رہا ہوں۔ رات کو گھروں میں چھاپے مار کر خواتین کو پکڑا گیا۔ خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی گئی۔ ہم عدالت جائیں گے ان کے اوپر کیس کریں گے۔ شہباز شریف‘ حمزہ ‘ رانا ثناء اﷲ کان کھول کر سن لو قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔ عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف، پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ ان تینوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے جیلوں میں ڈالیں گے اور ہمیں ہمارا حق نہیں دیا گیا تو چھین لیں گے۔ ایک تصویر آئی ہے جس میں ایک پاکستانی وفد اسرائیل گیا اور وفد میں ایک پاکستان ٹیلی ویژن کا تنخواہ دار بھی شامل تھا، جب امریکا کے غلام حکومت کریں گے تو ہر وہ کام کریں گے جو واشنگٹن کہے گا۔ حقیقی آزادی کی جنگ جہاد ہے، جب تک زندہ ہوں چوروں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، دوبارہ اسلام آباد جانے کی تیاریاں جاری ہیں، اب کوئی روک نہیں سکے گا، حق نہ ملا تو چھین کر لیں گے۔ چوروں کیخلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے نکلے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے کارکن آزادی کی جنگ میں شہید ہوئے ہیں، یہ سب ملکی آزادی کیلئے نکلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں گھروں میں جا کر خواتین کو پکڑا گیا، یاسمین راشد کو گاڑی سے نکالا گیا، رانا ثناء اللہ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر کے جیلوں میں ڈلوائیں گے۔ جو اب ہم نکلیں گے کوئی اس کے سامنے نہیں کھڑا ہوگا۔ سپریم کورٹ سے پرامن احتجاج کا حق مانگ رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت تیار ہوجاؤ، کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ اس بار ہم تیاری کر کے نکلیں گے، ہمارا حق نہیں دیا گیا تو چھین لیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی غلاموں نے پٹرول اور فضل الرحمان کی قیمت بڑھا دی ہے۔ بھارت سے سمجھوتہ کر کے یہ کشمیر کو بیچیں گے۔ یہ اب اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے جا رہے ہیں۔ یہ باشعور قوم کو غلام بنانے جا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 35 ہزار آنسو گیس کے شیل چلائے، اتنی شیلنگ کے باوجود عوام باہر نکلی، یہ قوم شیلنگ سے نہیں ڈرتی، اس قوم نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد مجرم ہے اس کو نہیں چھوڑیں گے۔ سب کی تصویریں میرے سامنے ہیں۔ اس بار رانا ثناء اللہ، شریف مافیا اور تشدد کرنے والے پولیس والے نہیں بچیں گے۔ دریں اثناء ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ مجرم امپورٹڈ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ہمارے آزادی مارچ کے شرکاء کے خلاف پولیس کی وحشت آزمائی۔ اپنی ٹویٹ میں 25 مئی کو ہونے والے احتجاج اور گرفتاریوں کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجرم امپورٹڈ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ہمارے آزادی مارچ کے شرکاء کے خلاف پولیس کی وحشت آزمائی، جو ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ سابق وزیراعظم نے دوسری ٹویٹ میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز ( سی پی این ای) کا صدر منتخب ہونے پر کاظم خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ سی پی این ای ذمہ دارانہ صحافت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور لوگوں کے جاننے اور آزادی اظہار کے حق کا تحفظ کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن