پاکستان دنیا میں امن کیلئے فوج بھیجنے والا دوسرا بڑا ملک ، 2 لاکھ فوجی دیئے : آئی ایس پی آر
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نامہ نگار) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دنیا بھر میں یوم امن کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ آج دنیا بھر میں یوم امن منا رہی ہے، پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم امن کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960 میں دستہ کانگو بھیج کر کیا۔ پچھلے 61 سال میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دو لاکھ سے زائد فوجی بھیجے، جب کہ 169 پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پاکستان کا دورہ کر کے پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا۔ پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان امن دستوں میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں پاکستان سرفہرست کے ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان دنیا میں تنازعات اور بحرانوں سے متاثرہ علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں امن دستوں کے اہم کردار کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منا رہا ہے۔ پاکستان امن دستوں میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی خواتین اقوام متحدہ کے امن دستوں میں تنازعات اور تنازعات کے بعد کے حالات میں مدد فراہم کرکے دنیا بھر کی خواتین کو متاثر کر رہی ہیں۔ ہماری خواتین افسران کی ایک ٹیم اس وقت جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان سے پہلی خواتین گروپ کے طور پر خدمات سرانجام انجام دے رہی ہیں، جو خطے میں کئی طرح کی خدمات فراہم کررہی ہیں۔