• news

فلسطین پر پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، اسرائیل جانے والا اینکر برطرف: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی، خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی اینکر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ آئے گی، فلسطین پر پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح اور بابائے قوم قائداعظم کے فرامین پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا، پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے جبکہ وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔ ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا، اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین اور غیرقانونی طور پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن