• news

 حکومت شمسی توانائی کے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کر رہی ہے:وزیر توانائی

لاہور(بزنس رپورٹر+نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان گزشتہ روز نیسپاک ہاؤس لاہور کا دورہ کیا۔ نیسپاک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کی جانب سے نیسپاک کے اہداف بارے سوال پر ایم ڈی نیسپاک نے بتایا کہ نیسپاک نے اپنی تخلیق کے تمام ابتدائی مقاصد حاصل کر لیے اور اب مستقبل میں اصلاحات کے عمل پر کام کر رہا ہے۔ ایم ڈی نے وزیر توانائی کو بتایا کہ امریکن بیسڈ ای این آر نے نیسپاک کوانجینئرنگ کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والی ٹاپ 20 غیر امریکی فرموں میں شامل کیا ہے۔ نیسپاک بین الاقوامی شہرت کی حامل فرم ، جس کے اومان، سعودی عرب، قطر اور افغانستان میں دفاتر ہیں، اس نے دنیا کے 38 ممالک میں منصوبوں پر کام کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے شمسی توانائی کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت شمسی توانائی کے شعبے میں کئی پراجیکٹس کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ایم ڈی نے وزیر کو بتایا کہ نیسپاک نے حکومت کو بجلی پر سبسڈی دینے کے بجائے بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک تفصیلی فزیبلٹی تیار کی ہے، جس سے لائن لاسز کو کافی حد تک کم کرنے میں مدد ملے گی اور سبسڈی کی خاطر خواہ بچت ہوگی۔وفاقی وزیر نے ایم ڈی نیسپاک کو یقین دلایا کہ ان کی وزارت نیسپاک کے مختلف سرکاری محکموں کیخلاف وصولیوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن