پنجاب سیاسی بحران کا شکار‘ مہنگائی سے عام آدمی کا جینا مشکل: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما چودھری شہباز حسین نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب میں جاری سیاسی کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے چودھری نذیر جٹ اور چیئرمین ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اوورسیز پاکستانی چودھری گلزار محمد بھی موجود تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ مہنگائی اور لاقانونیت کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، حکومت کی جانب سے پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافے سے تنخواہ دار طبقہ پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔ احتجاج کے حق کو سلب کرنا جمہوریت کی نفی ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اس وقت شدید سیاسی بحران کا شکار ہے جس سے نکلنے کیلئے ہر کسی کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔
پرویز الٰہی