جہلم: گھریلو جھگڑے پر بیٹے نے سوتیلی ماں‘ 2 بہنوں کو قتل کر دیا
جہلم (نامہ نگار) تھانہ چوٹالہ کی حدود میں بیٹے کے ہاتھوں سوتیلی ماں دو بیٹیوں سمیت قتل، ملزم شوکت نے معمولی گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر فائرنگ کر کے قتل کیے ہیں اور فرار ہوگیا۔ پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلیے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام تھانہ چوٹالہ کی حدود میں واقع گائوں ملک پور میں شوکت نامی شخص نے معمولی گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر اندھا دھند فائرنگ کر کے سوتیلی ماں اور دو بہنوں کو قتل کر دیا اور موقع واردات سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع واردات پر پہنچ گئی۔ شواہد جمع کرنے کے بعد نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کامران ممتاز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور جائے وقوعہ کا دورہ کر کے موقع واردات کا جائزہ لیا اور ملزم کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔
سوتیلی ماں،2 بہنیں قتل