سہ ملکی سیریز کامن ویلتھ گیمز قومی ویمنز کرکٹ سکواڈ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کیلئے قومی خواتین سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی مشاورت کے بعد سری لنکا کیخلاف بہترین کارکردگی پر سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔دونوں ایونٹس کیلئے اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ کے علاوہ تین ریزرو کرکٹرز غلام فاطمہ، امِ ہانی اور صدف شمس بھی شامل ہیں۔ پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے مابین سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز 16 سے 24 جولائی تک بیلفاسٹ میں کھیلی جائیگی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اپنے تین میچز 29، 31 جولائی اور 3 اگست کو بالترتیب بارباڈوس، بھارت اور آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گا۔اس سلسلے میں قومی خواتین کرکٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے 11 جولائی تک ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں لگایا جائیگاجبکہ سکواڈ 12 جولائی کو برطانیہ روانہ ہوجائیگا۔چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ اسماویہ اقبال نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف کامیابی کے بعد انہوں نے اگلی دونوں اسائنمنٹس کیلئے فاتح سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔نہ صرف سینئر کھلاڑیوں بلکہ عمدہ صلاحیتوں کی حامل نوجوان کرکٹرز نے بھی سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ طوبیٰ حسن کا انٹرنیشنل ڈیبیو شاندار رہا، مستقبل میں ان کی لیگ سپن باؤلنگ ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے۔ عائشہ نسیم نے بھی اپنی ہارڈ ہٹنگ صلاحیتوں کی بدولت سری لنکا ویمنز کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آئرلینڈ میں شیڈول سہ فریقی سیریز اور برمنگھم کامن ویلتھ گیمز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے امتحان ہوں گے، انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹرز ان کی توقعات پر پورا اترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔