• news

ایشین فٹبال کپ 2023ئ‘میزبانی کیلئے بولی 30 جون کو لگے گی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) چین کے کرونا وائرس کے باعث ایشین فٹبال سے دستبرداری کے اعلان کے بعد گورننگ باڈی نے سال 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے دیگر ممالک کو مدعو کرلیا۔ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے خواہشمند ممالک کو مدعو کرلیا ہے تاہم جاپان کو ایشین فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔حکام کے مطابق نئی بولیاں جمع کروانے کیلئے 30 جون کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جس سے پہلے فیڈریشنز ایونٹ کی میزبانی کیلئے درخواست جمع کرواسکتی ہیں۔چینی حکام نے ایشین فٹبال فیڈریشن کی گورننگ باڈی کو مئی کے وسط میں آگاہ کردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث 24 ٹیموں کے مقابلے کی میزبانی نہیں کرسکیں گے، ایونٹ اگلے سال جون اور جولائی میں چین میں منعقد ہونا تھا۔جاپان فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوزو تاشیما کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں، اگر ہمیں میزبانی کا موقع ملتا ہے تو دلچسپ ہوگا۔واضح رہے کہ جاپان کے علاوہ قطر یا سعودی عرب ٹونارمنٹ کی میزبانی کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک 2027 کے ایڈیشن کی میزبانی کیلئے بولی میں حصہ لے رہے ہیں۔یاد رہے کہ ایشین فٹبال ٹورنامنٹ 2019 میں منعقد ہوا تھا جس میں قطر نے کامیابی سمیٹی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن