فیفا فٹبال ورلڈکپ ٹرافی کی رونمائی اسلام آباد کی بجائے لاہور میں ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دنیا بھر کا سفر کرنے والی فیفا فٹبال ورلڈکپ ٹرافی سات جون کو پاکستان پہنچے گی۔ ازبکستان سے سات جون کو فٹ بال ورلڈ کپ کی چمچاتی ٹرافی پاکستان آئے گی، پاکستان آمد سے قبل ٹرافی کی منزل کو تبدیل کردیا گیا ہے، سابقہ شیڈول کے مطابق ٹرافی کو اسلام آباد میں رونما ئی کیلئے پیش کیا جائیگا تاہم اب اسے تبدیل کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بجائے ٹرافی کو لاہور لے جایا جائیگا جہاں مقامی ہوٹل میں ورلڈکپ ٹرافی کی رونمائی کرائی جائیگی، ایک روزہ مختصر قیام کے بعد ٹرافی سعودیہ عرب کیلئے روانہ ہوجائے گی۔یہ مسلسل دوسرا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کا رخ کریگی، اس سے قبل بھی دوہزار اٹھارہ میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی، ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسٹن کیرمبایو بھی پاکستان آئے تھے جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔فیفا قوانین کے مطابق اس ٹرافی کو تھامنے کا حق یا تو ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی یا فیفا صدر یا پھر سربراہان مملکت کو ہی ہے،منتظمین کے مطابق اس بار بھی ٹرافی کیساتھ فرانسیسی ورلڈ چیمپین کرسٹن کیرمبایو ہی پاکستان آئیں گے۔