• news

ارکان پنجاب اسمبلی پر تشدد میں اصل سرغنہ آئی جی‘ چیف سیکرٹری: پرویز الٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جہانگیر اے جھوجہ سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار کی قیادت میں وکلا کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے آئینی و سیاسی بحران پر بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی پر پولیس کے تشدد پر ایکشن لیں گے، اس سارے معاملہ میں اصل سرغنہ آئی جی اور چیف سیکرٹری ہیں، پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں آئی جی اور چیف سیکرٹری کو بلا کر سزا دیں گے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یورپی یونین اور کامن ویلتھ ممالک اس واقعہ پر قرارداد لے کر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکمران عمران خان کو گرفتار کریں گے تو یہ اپنی سیاسی قبر خود کھودیں گے، پنجاب میں بحران تب ختم ہوگا جب حمزہ شہباز گھر جائے گا، حکومتی وزیروں کی کوئی اوقات ہے نہ اپنی کوئی سوچ اور ویژن ہے، وفد میں آصف چیمہ سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار، ارشد جہانگیر جھوجہ سابق صدر لاہور بار ایسوسی ایشن، سرمد غنی چٹھہ، طیب عثمان رندھاوا، چودھری علی زیب پراچہ، حافظ محمد شاہ زیب، علی حسن، نادر دوگل سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی شامل تھے۔ دریں اثناء پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کے وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں خیال احمد کاسترو، اصغر علی سردار، زینب عمیر، شمسہ علی خان اور طلعت فاطمہ نقوی ایڈووکیٹ شامل تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک کی سیاست اہم موڑ پر ہے، حکومت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں، حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو گا کہ ابھی اعلان ہوا نہیں لیکن جعلی حکومت نے ایک بار پھر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ابھی سے کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع کر دئیے ہیں، عمران خان نے حکومت کو کچھ دن کی مہلت دے کر ایک موقع فراہم کیا ہے کہ جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اقتدار کے نشے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن