• news

کسی قانون میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی بھی قانون میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار  کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تاہم موجودہ حکومت نے قانون میں ترمیم کے ذریعے اس حق کو ختم کردیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ  نئی ترمیم خلاف آئین ہے۔ عدالت نے کہا جو پہلے ترمیم تھی وہ بھی یہی تھی۔ اب والی ترمیم میں زیادہ وضاحت دی گئی ہے۔ لوگ باہر سکونت رکھتے ہیں، دونوں ترامیم ان کے حقوق کو ختم نہیں کر رہیں۔ بادی النظر میں گزشتہ حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی۔ عارف چودھری ایڈووکیٹ نے عدالتی استفسار پر بتایا نوے لاکھ لوگ بیرون ملک میں مقیم ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا ایک جواب دے دیں، نوے لاکھ بیرون ملک پاکستانی کس حلقے میں ووٹ دیں گے؟۔ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے طریقہ کار کو اداروں نے طے کرنا ہے عدالت نے نہیں۔ ملک کے آئینی اداروں اور پارلیمنٹ کا احترام کریں۔ مزید سماعت تین جون تک ملتوی کردی گئی۔
جسٹس اطہر، اوورسیز

ای پیپر-دی نیشن