اسرائیلی فوجیوں کی دہشتگردی‘ فلسطینی خاتون صحافی کو شہید کر دیا
مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی) اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 31 سالہ خاتون فلسطینی صحافی غفران ہیرن شہید ہوگئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غفران ہیرن کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ مغربی شہر ہیبرون میں اپنے مقامی میڈیا نیٹ ورک کے دفتر جا رہی تھیں۔ عینی شاہد نے بتایا کہ غفران مین روڈ کی طرف چل رہی تھیں کہ فوجی چوکی پر تعینات دو سپاہیوں نے انہیں اپنے قریب آنے کو کہا لیکن اس سے پہلے کہ وہ جاتیں ان میں سے ایک نے انہیں گولی مار دی۔ مقبوضہ بیت المقدس کے سلوان قصبے میں اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ کے حملے میں چار فلسطینی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک فلسطینی شہری، ان کی بیوی اور ان کے دو بیٹے شامل ہیں۔ فلسطینی انجمن ہلالِ احمر نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں میں سے تین کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب آباد کاروں نے سلوان قصبے میں وادی الربابہ محلے کے قریب فلسطینیوں کی گاڑی پر حملہ اور پتھراؤ کیا۔