• news

لاہور‘ تنور مالکان نے ازخود روٹی 2‘ نان 3 روپے مہنگا کر دیا 

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور کے بیشتر علاقوں میں تنور مالکان نے روٹی کی قیمت میں 2روپے اور نان کی قیمت میں 3روپے اضافہ کر دیا، جس  سے روٹی کی قیمت 12روپے جبکہ نان کی قیمت18روپے ہو گئی۔ انار کلی، لکشمی، بیڈن روڈ، گلبرگ، جوہر ٹائون، ٹائون شپ، گڑھی شاہو، مصری شاہ سمیت کئی علاقوں میں تنور مالکان نے قیمتوں میں از خود اضافہ کر کے نئے ریٹ آویزاں کر دئیے ہیں۔ تنور مالکان کہا ہے کہ فائن بوری کی قیمت5800روپے سے بڑھ کر 6700روپے ہوگئی ہے۔ اس صورتحال میںسرکاری  قیمت پر نان اور روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔ اس سلسلہ میں جب متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے  صدر آفتاب گل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی سطح پر باضابطہ طور پر قیمتوں میں اضافہ نہیںکیا گیا، اگر تنور مالکان نے اپنے طور اضافہ کیا ہے تو اس سے ایسوسی ایشن کا کوئی تعلق نہیں۔ ہم پندرہ روز قبل ڈپٹی کمشنر لاہور کو ارسال کی گئی درخواست میں نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کر چکے ہیں جس میں نان کی قیمت 20روپے جبکہ سادہ روٹی کی قیمت12سے13روپے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ ابھی تک ہمیں کوئی جواب نہیں دیا گیا اور اگر آئندہ دو سے تین روز میں جواب نہ ملا تو ایسوسی ایشن کا اجلاس طلب کر کے سادہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن