• news

پاک ترک تعلقات کے  75 سال ،لوگوکی رونمائی : سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کر رہے ہیں : وزیر اعظم 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت)  وزیراعظم شہباز شریف ترکی کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔ جمعرات کو ایسن بوعا ایئر پورٹ پر ترکی کے وزیرِ تجارت ڈاکٹر مہمت موش نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ کے دوران صدر رجب طیب اردگان سے ون آن ون ملاقات کی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔ صدر اردگان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مشترکہ لوگو جاری کیا گیا۔ دونوں ممالک نے یہ سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے صدر طیب اردگان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے ترک وزیر خارجہ، وزیر صحت اور وزیر تجارت سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر فرحتین گوجا نے جمعرات کو انقرہ میں ملاقات کی۔  وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  صحت اور معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور ویکسین کی تیاری میں تعاون کو جاری رکھنا چاہیے۔ ترکی کے وزیر صحت نے طبی آلات اور دواسازی کی تیاری، صحت کی سیاحت اور کوالٹی کنٹرول سمیت صحت کے شعبے کے مختلف پہلوئوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کی ایک ٹیم مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ترکی کے وزیر صحت نے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں پاک میڈیکا ایکسپو اینڈ بزنس فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحت کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے متفقہ شعبوں میں تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔ مزید براں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے اور روزگار کے مواقع اور صنعتوں کے قیام کو یقینی بنارہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ستاش گروپ کے بورڈ کے صدر محرم یِلمز کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پچھلے چار سال میں سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل کی گئی رکاوٹوں کا سد باب کررہی ہے۔ ملاقات میں ستاش گروپ ترکی کی جانب سے پاکستان میں ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے متعلقہ پاکستانی حکام کو ستاش گروپ سے بھرپور تعاون کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انقرہ میں دی نیشنز لائبریری کا دورہ کیا۔  دریں اثناء اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں دوران سفر خاتون سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے  وزیر اعظم شہباز شریف  کی ہدایات پر  سلمان صوفی کی سربراہی میں پی ایم سٹرٹیجک ریفارمز  نے  خواتین مسافروں کی حفاظت کے لیے ریلوے سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ سٹرٹیجک ریفارمز کے تحت  یہ تجویز کیا  گیا ہے کہ لیڈی ریلوے پولیس فورس  کے اہلکاروں کی ٹیمیں ٹرین سٹیشنوں پر تعینات کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خاتون مسافروں کی رہنمائی اور سکیورٹی کے لیے "سفر سہیلی"  موبائل ایپ لانچ کی جائے گی  جبکہ  پرنٹ شدہ ٹکٹوں پر ایپ ڈائون لوڈ کرنے کی ہدایات ہوں گی اور ساتھ ہی ٹکٹوں پر ایمرجنسی نمبر بھی پرنٹ کیا جائے گا۔ ٹرینوں میں ایمرجنسی SOS بٹن نصب کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن