ملک مخالف بیانات : عمران نے حد پار کرلی ، یہ سیاست نہیں سازش : شہباز شریف
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار+خبر نگار+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور اداروں کے خلاف بیان دے کر عمران خان نے حد پار کر دی ہے، حد میں رہیں تو اچھا ہوگا۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ بیان ثبوت ہے کہ یہ سیاست نہیں، سازش کر رہے ہیں، اقتدار سے محرومی عمران خان سہہ نہیں پا رہے، فرسٹریشن اور بیمار ذہنیت سے فساد پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے وہ بات کہی جو پاکستان کے دشمن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار جانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پاکستان، اس کے اتحاد اور اداروں کے خلاف اعلان جنگ کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اداروں، وفاق اور اس کی اکائیوں پر حملہ آور نہ ہوں، حوصلہ کریں، آئین اور قانون کی حدیں نہ پھلانگیں۔ یہ کیا مائنڈ سیٹ ہے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ ورنہ میں جنگ کروں گا؟، یہ بیان نہیں بلکہ ملک میں انارکی، تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کسی بھی قیمت پر ایسے مذموم ارادوں کو قبول کرے گی اور نہ ہی ہونے دے گی۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی‘ این این آئی کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر ہیٹ سپیچ‘ آئین اور ملک کے خلاف ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کو تقسیم کرنا اور خداخواستہ ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کرنا دشمن کی زبان ہے‘ عمران صاحب کے بیانات آئین کے خلاف اور وفاق پر حملہ ہے۔ عمران صاحب کی اس حالت کی تقریر ٹی وی پر نشر نہیں ہونی چاہئے۔ ملک کے خلاف بیانات پر قوم کا ردعمل روکنا ممکن نہیں ہوگا۔ عمران صاحب نہیں ’’فارن فنڈنگ‘‘ بول رہی ہے‘ سچائی خود سازشی کی اپنی زبان سے ادا ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تین ٹکڑے پاکستان کے نہیں بلکہ عمران کی سیاست کے ہوں گے۔ عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران اقتدار کی خاطر ملک دشمنی پر اتر آئے، آج سازشی عمران کھل کر سامنے آ گیا ہے، عمران کو پاکستان کیخلاف خوفناک ایجنڈے کے تحت باقاعدہ تیار کیا گیا، عمران اور اس کے پیچھے چھپا ایجنڈا دونوں ناکام ہوں گے۔ اب عمران کے قریبی ساتھی بھی اسے چھوڑنا شروع کر دیں گے۔ اپنے بیان میں سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مخالف بیان کے خلاف احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔ ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔ حکمت عملی کو جلد حتمی شکل دے دی جائیگی۔ معاملہ پارلیمان کے اندر بھی اٹھائیں گے۔ فارن فنڈنگ لینے والے چیئرمین تحریک انصاف پاکستان مخالف بیان پر معافی مانگے۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان کے بارے میں حکیم سعید کی کئی سال پہلے کہی ہوئی باتیں آج سچ ثابت ہو رہی ہیں، بلی مکمل طور پر تھیلے سے باہر آ چکی ہے، پہلے عمران خان نے ملک کی معیشت کمزور کی، اب منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کے دفاع کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ جاوید لطیف نے کہا عمران خان کے بیانات بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں، ایٹمی پروگرام کی ہر طرح کی قیمت پہلے بھی چکائی آئندہ بھی ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا بیان قابل مذمت ہے۔ اپنے بیان میں نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا عمران خان کو اپنے بیانات پر معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اداروں اور ملک کو بلیک میل کرنے کی کوشش میں خود بے نقاب ہو گئے ہیں۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق عمران خان کے افواج پاکستان کے متعلق غیر سنجیدہ بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سعدیہ تیمور اور سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ جس میں کہا گیا عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایوان سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہے کہ عمران خان کے فوج مخالف بیان کا نوٹس لیا جائے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان سے قوم کو مایوسی ہوئی۔ ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں کسی کو بھی کسی حال میں ہوشمندی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ سپیکر ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر رہنمائوں افنان صادق بٹ، حاجی عزیز الرحمن چن اور فیصل میر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہنے کیلئے بنا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی کہ کارکن آئندہ بلدیاتی اور عام ا نتخابات کی تیاری شروع کر دیں۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو عمران خان کے ملکی سالمیت کے خلاف بیان پر از خود نوٹس لینا چاہیے، اگر عمران خان کی طرح کا بیان کسی سندھی اور بلوچی لیڈر نے دیا ہوتا تو اب تک مقدمہ درج ہو جاتا، پی ٹی آئی کو مالم جبہ، بی آر ٹی، رنگ روڈ سمیت دیگروں سیکنڈلز کا حساب دینا ہوگا، عمران خان نے پاکستان کے وجود کو چیلنج کیا۔ اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر شازیہ مری، پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن ودیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مزید براں وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک طرف میں ترکی کے ساتھ معاہدے کر رہا ہوں اور دوسری طرف عمران نیازی ملک کو کھلم کھلا دھمکیاں دے رہا ہے، عمران نیازی کا انٹرویو کسی بھی عوامی عہدہ کے لئے نااہلی کا ثبوت ہے۔ اپنی سیاست کریں لیکن حدود سے تجاوز نہ کریں اور ملک کو تقسیم کرنے کی باتیں نہ کریں۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ کاش عمران خان نے اس ملک کا بیڑہ غرق نا کیا ہوتا تو آج یہ اتنے مشکل فیصلے نا کرنا پڑتے۔ پٹرول کی قیمتیں بڑھانا بہت مشکل فیصلہ ہے لیکن ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے یہ فیصلہ بہت ضروری تھا۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے عمران خان کے متنازعہ بیانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کو سیاستدان تو کیا اداروں کے سربراہان بھی قبول نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان ہے تو پاکستان ہے یہ سوچ قابل قبول نہیں، جو باتیں عمران خان کر رہا ہے کوئی اور ہوتا تو بغاوت‘ غداری کے فتوے لگتے۔ عمران خان اداروں سے مداخلت کی بھیک مانگ رہا ہے۔ نامہ نگار کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان پر سپریم کورٹ اور حکومت پاکستان کارروائی کرے۔ ایٹمی پروگرام ملکی سلامتی کے اداروں کے ہاتھوں میں محفوظ تھا اور رہے گا، پاکستان کو بنانا ری پبلک بنانے کی عمران خان کی مذموم کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ خبر نگار کے مطابق سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں کشمیر کو بھی 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولہ پیش کیا، اب پاکستان کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بات کرکے ذہنی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا ہے۔ ٹکڑے کرنے کی باتیں کرنے والوں کی سیاست ختم ہو چکی اسے کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملک کے تین ٹکڑے ہونے کا بیان قابل مذمت ہے۔ نواز شریف نے پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا۔ دنیا کی کوئی طاقت بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔