راجہ پرویز اشرف یاسین ملک کی اہلیہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے رہائش گاہ پہنچ گئے
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ممتاز کشمیری حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں یاسین ملک کے گھر گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشعال ملک اور ان کی فیملی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، پوری پاکستانی قوم یاسین ملک کی سزا کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ یاسین ملک کی سزا کے خلاف پارلیمنٹ کی جانب سے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد عدالت کی جانب انصاف کے نظام کا گلا گھونٹا گیا ہے، بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔ علاوہ ازیں پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مرہون منت ہے جنہوں نے 1963میں چین کے ساتھ پہلا سرحدی معاہدہ کیا۔