پاکستان میں سوشل میڈیا کو ضابطے کے تحت لانا ضروری ہے: ضیاء اللہ شاہ بخاری
حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے پریس کلب میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ففتھ جنریشن وار یا ہائبرڈ وار کا سامنا کر رہا ہے جس میں دشمن ہمارے اندرونی اختلاف کو استعمال کر کے انتشار پھیلاتا ہے۔ آزادی اظہار رائے کی حدود ہونی چاہئیں۔پاکستان میں سوشل میڈیا کو قواعد و ضوابط کے تحت لانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جو کہ ففتھ جنریشن وار کا اہم حصہ ہے اور ہم دشمن کو اس سازش میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔سوشل میڈیا استعمال کرنے والے نوجوانوں کو فوج کے خلاف پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر علماء کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور داخلی استحکام کیلئے مقتدر ادارے جو قدم اٹھائیں گے، علماء اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ عوام اور علماء اپنی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان،قومی سلامتی کے اداروں نے ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ جسے ہم خراج تحسین اورسلام پیش کرتے ہیں کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی،جماعت الصفہ پاکستان کے سربراہ سید وسیم الحسن نقوی، امیر جماعت اسلامی پروفیسر طاہر ایوب خاں طاہر، صدر البدر فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر سید اُسامہ بخاری ، مرکزی رہنما تحریک بیداری اُمت مصطفی علامہ سید ذیشان حیدر نقوی،خطیب مرکزی امام بارگاہ علامہ سید مطلوب حسین نجفی ، ناظم اعلیٰ متحدہ جمعیت اہل حدیث حافظ آباد عامر وسیم سندھو،ضلعی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا عطاء اللہ محمدی سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء ، سماجی شخصیات اور تاجر رہنمائوں نے شرکت کی ۔