غداری کا مقدمہ بنا کر مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے : عمران
بونیر (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے مودی کو اپنے گھر شادی پر بلایا‘ آصف زرداری بہت بڑی بیماری ہے اس کو پیسے کی بیماری ہے۔ نواز شریف نے کبھی مودی کیخلاف بات نہیں کی۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ امریکہ بھی مضبوط پاکستان دیکھنا نہیں چاہتا۔ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے۔ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو خوشیاں بھارت میں منائی گئیں۔ آصف زرداری پیسا دیکھتا ہے تو اس کا جسم کانپنا شروع ہو جاتا ہے۔ اس کی کانپیں ٹانگنا شروع ہو جاتی ہیں۔ نواز شریف کے منہ سے کبھی کلبھوشن کا نام نہیں نکلا۔ بھارت‘ اسرائیل اور امریکہ نے مل کر سازش کی۔ ہمارے دور حکومت میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 326 روپے اضافہ ہوا دو ماہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 422 روپے بڑھی۔ خیبر پی کے میں آٹا پنجاب میں زیادہ مہنگا ہے ہمارے دور میں چاول کی فی کلو قیمت میں 40 روپے اضافہ ہوا دو ماہ میں چاول کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ ہوا۔ ہمارے ساڑھے تین سالہ دور میں پٹرول 56 روپے بڑھا ان کے دو ماہ کے دور میں پٹرول 60 روپے بڑھا۔ دو ماہ میں گھی کی قیمت میں 200 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔ ہم نے ساڑھے 3 سال میں ایک یونٹ بجلی 6 روپے بڑھائی ان کے 2 ماہ کے دور میں بجلی یونٹ پر 10 روپے بڑھائے گئے۔ پٹرول‘ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز پر فرق پڑیگا۔ ہم نے آپ لوگوں کو ریلیف دیا مہنگائی سے بچایا ہم نے اپنا پیٹ کاٹ کر مہنگائی سے بچایا۔ نواز شریف جب وزیراعظم تھے تو 24 بار برطانیہ گئے آصف زرداری نے 50 بار پرائیویٹ دورے کئے۔ میں نے ایک بھی نجی دورہ نہیں کیا اگر میرا پیسا بھی باہر ہوتا تو ان کے سامنے ایبسوسوٹلی ناٹ نہ کہتا۔ ہمارا بڑا دہشتگرد لندن میں 30 سال سے بیٹھا ہے دو سالوں میں پاکستان کی دولت میں اضافہ ہوا۔ ہم جب آئے تھے تو موڈیز نے منفی ریٹنگ دی تھی ہم نے مستحکم کی آج پھر منفی ہو گئی ہے۔ ڈالر آج 2 سو روپے سے اوپر جا حکا ہے سٹاک مارکیٹ میں 10 فیصد گر چکی ہے جب سوویت یونین کی معیشت نیچے گئی تو ملک ٹوٹ گیا۔ مجھ پر غداری کا مقدمہ چلانے کی بات کی جا رہی ہے کیا نواز شریف اور زرداری مجھ پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے؟ ہم نے نیوٹرل کا فیصلہ کیا‘ بسم اللہ بہت اچھی چیز ہے ملک کے نیوٹرلز سے پوچھنا چاہتا ہوں جب آپ نیوٹرل اچھی چیز ہے لیکن ملک کی سالمیت بھی اچھی چیز ہے۔ آج کوشش کی جا رہی ہے کہ غداری کا مقدمہ کرکے مجھے راستے سے ہٹایا جائے۔ زرداری نے حسین حقانی کے ذریعے امریکہ سے کہا تھا اسے فوج سے بچائیں۔ نوازشریف سزا یافتہ‘ مفرور‘ جھوٹ بول کر باہر بھاگا ہوا‘ وہ مجھ پر غداری کا مقدمہ بنائے گا؟ یہ سازش اس لئے ہے کہ اگر عمران خان راستے سے ہٹ جائے تو ان کا راستہ صاف ہو جائے۔ تیس سال سے 2 خاندانوں نے ملک پر حکومت کی اور ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے یہ کرپشن کیسز اور نیب کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔ شریف خاندان پر 40 ارب روپے کے کیسز ہیں۔ آصف زرداری پر اومنی گروپوں کے کیسز ہیں سب معاف ہو جائیں گے سب کو این آر او مل جائے گا۔ شوکت ترین کے ذریعے نیوٹرلز کو بتایا تھا سازش کامیاب ہوئی تو ملک کی معیشت کو نقصان ہوگا۔ یہ کہتے ہیں عمران خان پر کیس کرو جیل میں ڈال دو۔ جیل تو چھوٹی چیز ہے میں اپنی جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے تھے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وکلاء نے بتایا کہ نکلنے میں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔