• news

ہر محب وطن کو پاکستان کی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا:لیاقت بلوچ


لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی قومی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی قومی قیادت اقتدار سے محرومی کے بعد قومی سلامتی، قومی مفادات اور قومی وحدت کے خلاف زہر اگلتی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات اور انتقامی اشتعال انگیزی خود ان کے اپنے امیج، پارٹی پاپولریٹی کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ عمران خان کی تدبیریں الٹی ہورہی ہیں۔ ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے دشمنوں کی ریشہ دوانیاں کوئی راز نہیں۔ لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی پنجاب کے شمالی، وسطی اور جنوبی کے امرائے صوبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے صوبائی حلقوں کی 20 نشستوں پر مرکزی پارلیمانی بورڈ نے حصہ لینے کیلئے ہدایات دی ہیں۔ امرائے صوبہ حتمی فیصلے کرلیں۔ ترازو نشان مظلوم اور انقلابی عوام کا نشان ہے۔لیاقت بلوچ نے اتحادی حکومت کی طرف سے ایک ہفتہ کے دوران پٹرول قیمتوں میں 60 روپے فی لٹر اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ صنعت، زراعت اور تجارت کا پہیہ جام ہوجائے گا۔ مہنگائی، بے روزگاری کا سونامی آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن