• news

تقویٰ ، پرہیز گاری سے بندہ دنیا سے بے نیا ز ہو جاتا ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد 


لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے گزشتہ روزکہا کہ تقویٰ اور پرہیز گاری اختیار کرنے سے بندہ دنیا سے بے نیاز ہو جاتا ہے۔ چونکہ دنیا کی رغبت اور چاہت تمام برائیوں کی جڑہے۔ اللہ تعالیٰ کے خاص بندے دنیاوی عیش و عشرت سے دور رہتے ہیں۔ نبی پاک نے اپنے ارشادات اور عمل سے امت کو زہد کی ترغیب اور تعلیم دی جس کا مفہوم ہے۔ آخرت کی دائمی زندگی کیلئے دنیاوی لذتوں اور مرغوب چیزوں سے بے رغبت ہوجانا اور حقیقت بھی یہی ہے کہ دنیا کی محبت اور چاہت ہی انسان سے وہ تمام کام کرواتی ہے جس کی وجہ سے وہ مالک حقیقی کی محبت کے قابل نہیں رہتا۔ دنیا کی محبت دل سے نکل جائے گی تو پھر دل اللہ کی محبت کیلئے فارغ ہوجائے گا تو پھر مالک حقیقی کی اطاعت اور فرمانبرداری اتنے خلوص اور چاہت سے کرے گا کہ وہ بندہ اللہ پاک کے محبوب بندے کا مقام حاصل کر لے گا اور اللہ تعالیٰ اس بندے کی زبان سے دانائی اور حکمت کی بات جاری فرما دیتے ہیں۔ اس لیے نبی پاک نے امت کو زاہدوں اور نیکو کاروں کی صحبت اختیار کرنے کی نصیحت فرمائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن