• news

2سال بعد غیر ملکی عازمین حج  سعودی عرب پہنچنا شروع

ریاض‘کولمبو (نوائے وقت رپورٹ) کرونا پابندیوں کے باعث دو سال بعد غیر ملکی عازمین حج سعودی عرب پہنچنا شروع ہو گئے ہیں دوسری طرف شدید مالی بحرانی کے باعث سری لنکن  مسلمان حج سے محروم رہیں گے۔ رواں برس حج کے سلسلے میں پہلی غیر ملکی پرواز مدینہ ائرپورٹ پہنچی، جہاں حکام نے ضیوف الرحمن کا استقبال کیا۔ یاد رہے کہ 2 برس سے کورونا پابندیوں کے باعث حج کو صرف مقامی عازمین تک محدود رکھا گیا تھا، تاہم رواں برس اپریل میں سعودی عرب کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ اس سال دنیا بھر سے 10 لاکھ عازمین حج ادا کر سکیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا سے پہنچنے والی پہلی پرواز کے خوش نصیب مسافرآئندہ ہفتوں میں مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ سعودی حکام نے طویل پابندیوں کے بعد عازمین حج کی آمد کو باعث خوشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہمانوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ شدید معاشی بحران میں پھنسے سری لنکا کے مسلمان رواں سال حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکیں گے عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کو آزادی کے بعد سے پہلی شدید معاشی بحران کا سامنا ہے۔ حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایٹس کے صدر سعید ایم رسمی نے کہا کہ اس سال کے حج کو ترک کرنے کافیصلہ مسلم کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے ملک کی خاطر کیا گیا ہے تاکہ مشکل وقت میں قوم سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاسکے ملک کو اس وقت ڈالر کے سنگین بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کیلئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کرنسی کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے مسلمان اس کٹھن وقت میں حکومت کا ساتھ  دیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن