پاکستان سے طویل شراکت داری پر فخر ہے:امریکن سفیر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چار سال کے طویل عر صے کے بعد پا کستان میں تعینات ہونے والے نئے امر یکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے یہ میر ے لیے باعث اعزاز ہے کہ میں پاکستان میں بطور نئے امریکی سفیر کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ ہمیں پاکستان کے ساتھ اپنی طویل شراکت داری پر فخر ہے۔ امر یکی سفیر نے اپنے بیا ن میں کہا درحقیقت ہمارے تعلقات کی ابتداء 75برس قبل پاکستان کے آزادی حاصل کرنے کے فوراً بعد ہوئی۔ ہم مشکلات سے بھری ہوئی دنیا میں رہتے ہیں۔ مل جل کر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ان مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ میں پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پْرامید ہوں، جس کی ایک شاندار تاریخ اور روشن مستقبل ہے۔ پاکستان کے بارے میں کراچی سے لاہور تک، پشاور سے گلگت بلتستان تک اور درمیان میں آنے والے تمام مقامات کے بارے میںمزید جاننے کا منتظر ہوں۔ پہلی بار پاکستان کے تاریخی جگمگاتے ٹرک آرٹ کا مشاہدہ کیا اور اس فن اور پاکستان میں اس فن سے وابستہ فنکاروں کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جنہوں نے اسے خصوصیات کے حامل ایک نمایاں ملکی فن کی شکل دی ہے۔ یہ نرالے انداز میں سواری کا ذریعہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ مجھے آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں آپ میں سے بعض لوگوں کے ساتھ ملاقات کا موقع میسر ہو گا۔